اداس محبت – شاعری

Sad Love Poetry

یارم تُمہارا شہر، جِدھر ہے اُسی طرف

اِک ریل جا رہی تھی کہ، تُم یاد آ گئے..

_____________________________

‏ہم جیسے لوگ لائقِ تضحیک ہیں امیر

ہم جیسوں نے خُدا کا بہت دل دکھایا ہے

امیر مینائی

_____________________________

اُس پیڑ سے پنچھی روٹھ گئے

اُس کا مُرجھانا اچھا تھا

راوی یہ روایت کرتا ہے

لاہور پُرانا اچھا تھا

جی ایم شاہ

_____________________________

باتیں سڑک پر رہ جاتی ہیں

ساتھی دور نکل جاتے ہیں

رئیس فروغ

_____________________________

پھر سے قبولیت کے یقیں پر ، پڑے رہے

پھینکے جہاں پہ پھول ، وہیں پر پڑے رہے

جسکو ملے تھے اس کو ضروری نہیں لگے

ہم تھے کہیں کی خاک ، کہیں پر پڑے رہے

آنکھوں میں خواب پالتی ، لیکن وہ بے شعور

بچوں سی ضد لگائی ، زمیں پر پڑے رہے

اک سمت داستاں تھی رہائی کی ایک سمت

بے جان جسم اور حسیں پَر ، پڑے رہے

لے دے کے اک مکان بنایا پھر ایک عمر

کتنے بہت سے بوجھ مکیں پر پڑے رہے

دنیا بڑی کٹھور حسینہ تھی ، اسی لیے

دو چار بل ہمیشہ جبیں پر پڑے رہے

کومل جوئیہ

_____________________________

محوِ خیالِ یاس ہیں، بے اختیار ہیں!

ہم بے بسی کے دشت میں چیخ و پُکار ہیں!

مٹی کا ایک ڈھیر تھے ہم راہِ یار میں ،

جب سے پڑے ہیں اُسکے قدم، اِک مزار ہیں!

وہ ہے سکوتِ شب کو مٹاتا ہوا دِیا ،

ہم اُس کی لٙو پہ ڈگمگاتا انتظار ہیں!

ہم صوفیوں کے طرز پہ جیتے ہیں عشق میں ،

جتنے ہیں اہلِ درد ہمارے وہ یار ہیں!

احسن اقبال احمد

_____________________________

میں ٹھنڈے توے کی روٹی ہوں

مجھے بے دھیانی میں ڈالا گیا

مجھے بے دردی سے پلٹا گیا

میرے کتنے ٹکڑے اکھڑ گۓ

میں ٹھیک سے سینکی جانہ سکی

میں کسی چنگیر میں آ نہ سکی

میرا پسنا گندھنا اور جلنا

بے کار گیا میں ہار گٸ

اک بے دھیانی مجھے مار گٸ

حمیدہ شاہین

_____________________________

وہ غم شناس لوگوں پہ کرتا یقیں اگر

اس کے یقیں کو آخری شب تک سنبھالتے

اپنی انا کی موج میں ہے وہ اور ایک ہم

پھرتے ہیں اسکے عہد کو اب تک سنبھالتے

سب خواہشات مار کے بس اک تری طلب

لایا ہوں دل کی غار سے لب تک سنبھالتے

آخر کو ہم سے چھوٹ ہی جانا تھا اسکا ہاتھ

ہم ناسپاس لوگ تھے کب تک سنبھالتے

حسنین آفندی

_____________________________

جانے کس غم میں گرفتار ہیں بستی کے مکیں

نوجواں لوگ بھی بوڑھوں کی طرح لگتے ہیں

ہجر جب مسندِ تشہیر پہ آتا ہے تو لوگ

چلتی پھرتی ہوئ قبروں کی طرح لگتے ہیں

تجھ سے وابستہ ہر اک شخص مجھے پیارا ہے

یہ وہ کانٹے ہیں جو پھولوں کی طرح لگتے ہیں

یہ ہے سادات کی بستی کہ جہاں سارے مکاں

عصر ڈھلتی ہے تو خیموں کی طرح لگتے ہیں

جناب راکب مختار

_____________________________

اتنا آساں تو نہیں عمر کا کٹنا ، تنہا

جانا ہمراہ ترے اور پلٹنا ، تنہا

دکھ بچھڑنے کا نہیں اسکی اسی بات کا ہے

“اب مسائل سے مری جان نمٹنا ، تنہا”

بزمِ ہستی میں ہے دشوار بہت ، تیرے بغیر

چال ہر ایک منافق کی الٹنا ، تنہا

یوں تعلق کو نبھایا ہے اکیلے ، جیسے

اک اپاہج کا سڑک وار گھسٹنا ، تنہا

اچھا لگتا ہے بھرے شہر سے کٹ کر کومل

اس کے خوش رنگ خدو خال کو رٹنا ، تنہا

کومل جوئیہ

_____________________________

ہوتی جو نہیں تم سے تو پھر کرتے ہی کیوں ہو

تم لوگ محبت کا بھی نقصان کرو گے __!!

دانش نقوی

_____________________________

پوچھ رہے ہو ہم سے کہ ہم اس پر کتنا خرچ ہوئے

کچھ بھی باقی پاس نہیں ہے ! مطلب سارا خرچ ہوئے

خود کو جب سنبھال رکھا تو ! اپنے لفظ بھی پاس رکھے

خرچ ہوئے جب ہم تو کوئی ایسا ویسا خرچ ہوئے

اک مسکان کے بدلے نیندیں دیں اور دل کے بدلے جان

بولو پیارے ! بخت ڈھلے ہم ! تم پہ کیسا خرچ ہوئے؟

اس کے ہاتھ میں ہم نے اپنی آخری سانسیں لیں یارو۔

مرنا حق ہے ! لیکن دیکھو کتنا پیارا خرچ ہوئے

اُن ہونٹوں کی مسکانوں نے پھولوں کو بھی ہیچ کیا

جھیل سی آنکھیں بھرنے میں پنجاب کے دریا خرچ ہوئے

حسن رضا

_____________________________

ممکن نہیں کہ ساتھ نبھائیں تمام عمر

ممکن بھی کس طرح ہو کہ دونوں ذہین ہیں

میں ان دنوں بہت سے مسائل میں ہوں گھِرا

تُو نے بچھڑنا ہے تو یہ دن بہترین ہیں

زوہیر عباس

_____________________________

ہم سے دستور محبت کے نبھائے نہ گئے

ایسے اجڑے کہ کبھی پھر سے بسائے نہ گئے

زندگی بیت گئی ہجر کا غم سہتے ہوئے

زائچے ہم سے رفاقت کے بنائے نہ گئے

پاسِ آداب رکھا گیت سُنائے اُن کو

نوحے لکھے تھے مگر ہم سے سُنائے نہ گئے

ہم نے دنیا کے ہر اک زخم کو پوشیدہ رکھا

زخم جو تجھ سے ملے ہم سے چھپائے نہ گئے

چند ساعت کا ملن ایک چُبھن بن کے رہا

لمحے گزرے جو ترے ساتھ بھلائے نہ گئے

بے رُخی سے تری خاموش خموشی سے ہوئے

جو دیئے تیز ہواؤں سے بجھائے نہ گئے

شمس طوفان بہت آئے تھے اِس دل میں مگر

اُن کے قدموں کے نشانات مٹائے نہ گئے

جناب شمس جعفری (بلتستانی)

_____________________________

وہ مسیحا نہ بنا، ہم نے بھی خواہش نہیں کی

اپنی شرطوں پہ جیئے ،اس سے گزارش نہیں کی

جانے کیوں بجھنے لگے اول شب سارے چراغ

آندھیوں نے بھی اگرچہ کوئی سازش نہیں کی

اب کہ ہم نے بھی دیا ترکِ تعلق کا جواب

ہونٹ خاموش رہے،آنکھ نے بارش نہیں کی

اس نے ظاہر نہ کیا اپنا پشیماں ہونا

ہم بھی انجان رہے، ہم نے بھی پرسش نہیں کی

ہم تو سُنتے تھے کہ مل جاتے ہیں بچھڑے ہوئے لوگ

تو جو بچھڑا ہے تو کیا وقت نے گردش نہیں کی

ڈاکٹر عنبریں حسیب عنبر

_____________________________

Shayari – Shair – Yaad – Muhabat – Urdu Encyclopedia