Green Tea | گرین ٹی
سبز چائے، چائے کی ہی ایک قسم ہے جو camellia sinensis کے پتوں سے بنتی ہے۔ سبز چائے کا باقاعدہ آغاز چین سے ہوا یعنی سبز چائے یا قہوہ کی دریافت کاسہرا ایک چینی شہنشاہ کے سر ہے، جس نے سادہ پانی کے ذائقے کو بدلنے کے لئے چائے کے پودے کے چند پتے گرم پانی میں شامل کروائے۔ اس نئے ذائقہ کو سب نے اچھا محسوس کیا۔ ابتداء میں اس کا استعمال صرف شاہی خاندان ہی کرتا تھا۔ مگر اب تو یہ بہت سی ثقافتوں کا حصہ بن چکی ہے۔ اور اس کی کاشت دوسرے ملکوں میں بھی کی جاتی ہے۔ سبز چائے فائدہ مند بھی ہے اور کسی حد تک نقصان دہ بھی۔ اردو انسائیکلوپیڈیا نے اس کے فوائد اور نقصانات دونوں پر روشنی ڈالی ہے۔
سبز چائے کے فوائد :
تحقیق کے مطابق سبز چائے ڈائٹ کرنے والوں کے لیے بہت فائدے مند ہوتی ہے۔ وہ افراد جو اپنی روز مرّہ خوراک میں سبز چائے کا استعمال کرتے ہیں ان کی صحت قابلِ رشک ہو جاتی ہے ۔ اس کے علاوہ فوڈ پوائزنگ اور دانتوں میں پلاک کا سبب بننے والے بیکٹیریا کے خلاف بھی مزاحمت کرتی ہے۔ گرما گرم سبز چائے کیلوریز جلاتی ہے تو آئس سبز چائے گرمیوں کے موسم میں ٹھنڈک کا احساس دلاتی ہے۔
ماہرین کے مطابق سبز چائے موٹاپا کم کرنے کے عمل میں جسم کو میٹابولک ایکشن کے ذریعے سہولت فراہم کرتی ہے۔ ہر انسان کے موٹاپے کی نوعیت مختلف ہوتی ہے لیکن سبز چائے ہر کسی کو فائدہ پہچانے میں معاون ثابت ہوتی ہے۔ سبز چائے میں موجود کیفین جسم کی کارگردگی بڑھاتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ سبز چائے کے ٹی بیگز کو گیلا کرکے آنکھوں پر رکھا جائے تو آنکھوں کی سوجن میں سکون ملتا ہے۔
سبز چائے کو اپنے روزانہ کے معمولات میں شامل کر کے جلد ہی آپ اپنی صحت میں بہتری لاسکتے ہیں۔ سبز چائے کا ذائقہ آپ کو شاید تھوڑا سا کڑوا لگ سکتا ہے، جس کے لیے آپ اس میں شکر یا شہد شامل کرلیں۔ سبز چائے کا ایک سے دو کپ کا روزانہ استعمال آپ کو حیرت انگیز نتائج دے سکتا ہے۔
سبز چائے کے نقصانات :
سبز چائے کا ضرورت سے زیادہ استعمال، خاص طور پر خالی پیٹ گرین ٹی پینے سے معدے کی صحت پر منفی اثر پڑتا ہے۔ سبز چائے کا زیادہ استعمال سینے میں جلن کا باعث بنتا ہے اور معدے سے متعلق بیماریاں ہونے کے خطرات لاحق ہوجاتے ہیں۔
سبز چائے کا ضرورت سے زیادہ استعمال بالخصوص حاملہ خواتین میں معدے کی بیماریوں کو جنم دیتا ہے۔
ضرورت سے زیادہ سبز چائے کے استعمال سے گلے میں خراش اور خشک کھانسی شروع ہو جاتی ہے اور بعض اوقات متلی اور قے بھی ہو جاتی ہے۔
سبز چائے کا کثرت سے استعمال گھبراہٹ، سستی، کمزوری، سردرد اور بھوک کی کمی کا بھی باعث بنتا ہے جبکہ اس سے معدے میں تیزابیت اور گرمی بڑھ جاتی ہے اور قبض کی شکایت بھی رہتی ہے۔ سبز چائے سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لئے ایک دن میں دو کپ سے زیادہ کا استعمال نہ کریں۔
نوٹ : اردو انسائیکلوپیڈیا نے یہ آرٹیکل آپ کی معلومات میں اضافے کے لئے شائع کیا ہے۔ اگر آپ کسی بھی تکلیف یا بیماری میں مبتلا ہیں تو پہلے اپنے معالج سے رابطہ کریں۔ شکریہ
Green Tea – Sabz Caay – Health Drink – Health Tips – Health Information – Urdu Information – Urdu Article – Urdu Encyclopedia