گاجر کے فوائد

Benefits of Carrots

گاجر کے فوائد :

تحریر و تحقیق : سائرہ سید

اللہ نے انسان کو بےشمار نعمتوں سے نوازا ہے، غزائیت سے بھرپور رنگ رنگ کے پھل اور سبزیاں پیدا کئے ہیں۔ ان میں سے ایک گاجر بھی ہے جسے بچے بڑے سب ہی بہت شوق سے کھاتے ہیں۔ گاجر میں تمام پھلوں اور سبزیوں جیسی طاقت اور غزائیت ہے کیونکہ اس میں وٹامن، پروٹین، معدنیات اور غزائی فائبر کی وافر مقدار شامل ہے۔ جس کی وجہ سے بےشمار بیماریوں کا علاج کیا جا سکتا ہے۔ گاجر کو مختلف طریقوں سے استعمال کیا جاتا ہے جیسے کہ سبزی، سلاد، مربہ، اچار اور جوس وغیرہ کے لئے۔ گاجر کے استعمال سے ہمیں کیا فائدہ ملتا ہے اردو انسائیکلوپیڈیا کے زریعے جانئیے :

١-بصارت یعنی بینائی کو مضبوط کرنے میں گاجر بہت مفید ہے کیونکہ اس میں وٹامن اے کی وافر مقدار شامل ہے جو اندھے پن، موتیے اور نظر کی کمی جیسے مسائل سے محفوظ رکھتی ہے۔ وٹامن اے کی کمی کے باعث بینائی کمزور ہو جاتی ہے اور اندھیرے میں دکھائی نہیں دیتا جس سے انسان نائٹ بلائینڈنس کا شکار ہو جاتا ہے۔ اس کے علاوہ گاجر کے استعمال سے سورج کی تیز روشنی کے برے اثرات سے بھی آنکھیں محفوظ رہتی ہیں۔

٢-موٹاپے کا شکار افراد جو وزن کم کرنے کے خواہشمند ہیں ان کے لیے گاجر کا استعمال بہت موثر ثابت ہوتا ہے کیونکہ گاجر میں بہت کم کیلریز ہوتی ہیں۔ اس کے کھانے سے معدہ بھرا رہتا ہے اور بھوک کم لگتی ہے جس کی وجہ سے بآسانی وزن کم کیا جا سکتا ہے۔

٣-شوگر کے ٹایپ 2 کے کے مریض مناسب انداز میں اس کا استعمال کر سکتے ہیں اگرچہ گاجر میں ہلکی سی مٹھاس ہوتی ہے لیکن اس میں موجود فائبر اور کاربوہائیڈریٹس اس مٹھاس کو خون میں تیزی سے شامل ہونے سے روکتے ہیں اور شوگر لیول کو تیزی سے بڑھنے نہیں دیتے۔

٤-بلڈپریشر اور دل کے مریضوں کے لیے بھی گاجر کا استعمال نہایت موثر ہے۔ اس میں موجود پوٹاشیم دل میں خون لے جانے والی رگوں کو آرام پہنچاتا ہے اور فائبر بلڈپریشر کو قابو میں رکھتا ہے۔

٥-آنتوں، پھیپھڑوں اور چھاتی کے کینسر سے بچاؤ کے لیے گاجر کا جوس نہایت موثر ہے کیونکہ اس میں موجود اینٹی ایکسیڈنٹ کینسر پیدا کرنے والے خلیات کی رک تھام کرتا ہے۔

٦-نظامِ ہضم کو بہتر بنانے کے لیے گاجر کا استعمال بہترین ہے کیونکہ اس میں فائبر ہے جو آنتوں کے لیے نہایت مفید ہے۔ فائبر کھانا ہضم کرنے اور فضلے کے اخراج میں بہت مددگار ثابت ہوتا ہے۔

٧-خون کی کمی، ہڈیوں اور جوڑوں کے درد کے لیے بھی گاجر کا استعمال کافی مفید ہے۔ اس میں موجود آئرن خون کی کمی دور کرتا ہے اور محدود مقدار میں موجود کیلشیم ہڈیوں کو مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

٨-صحت مند، تروتازہ اور چمکتی جلد کے لئے گاجر کا جوس بہت فائدہ مند ہے۔ داغ دھبوں، جھریوں سے نجات اور نرم و ملائم جلد کے لئے گاجر کے پیسٹ / ماسک کا استعمال کریں جو بآسانی گھر میں بھی بنایا جا سکتا ہے۔ گاجر کو کدوکش کر کے شہد میں ملا کر اچھا سا پسٹ منا لیں اور پھر چہرے، گردن اور ہاتھوں پر ملیں اور کچھ دیر چھوڑ دیں پھر ٹھندے پانی سے دھو لیں۔

گاجر کے استعمال کا طریقہ :

گاجر ایک ایسی سبزی ہے جسے آپ پکائے بغیر بھی بطورِ سلاد استعمال کر سکتے ہیں۔ جن بچوں یا بڑوں کو گاجر کھانا پسند نہیں انہیں گاجر کا جوس یا مربہ بنا کر دیں۔ اس کے علاوہ گاجر کا حلوہ اور اچار بھی بہت مزیدار ہوتا ہے اس انداز میں بھی آپ اپنوں کو پیش کر سکتے ہیں۔

نوٹ : ماہرین کے مطابق گاجر کو کچا کھانے اور جوس کی شکل میں استعمال کرنے کی افادیت زیادہ ہے، پکا کے اور ابال کر کھانے سے اس میں موجود غزائیت کم ہو جاتی ہے۔

Gajar – Sabzi – Vegetables – Fruits – Juice – Seht – Health – Eye Sight – Food – Cooking – Urdu Encyclopedia