Hazrat Lal Sakhi Shahbaz Qalandar (Biography) (Urdu)
حضرت لعل سخی شہباز قلندرؒ
اصل نام : سید عثمان مروندی
ولادت : 538ھ مطابق 1177ء
وفات : 673ھ مطابق 1274ء
مدفن : سیہون شریف، سندھ
لعل شہباز قلندر ایک مشہور صوفی بزرگ، شاعر، فلسفی اور قلندر تھے۔ آپؒ مروند (موجودہ آزربائیجان یا افغانستان) میں پیدا ہوئے، مروند میں پیدا ہونے کی وجہ سے آپؒ کے نام کے ساتھ مرندی لکھا جاتا ہے۔ آپؒ ایک بہت باعزت اور اعلیٰ خاندان سے تعلق رکھتے تھے۔ آپؒ کا شجرہِ نسب امام جعفر صادق علیہ السلام سے منسوب ہے۔ آپؒ کے والدِ محترم سید کبیر اپنے وقت کے مشہور عالم تھے اور آپ کی والدہ محترمہ ایک عابدہ و زاہدہ خاتون تھیں۔ آپؒ کی والدہ راتوں کو عبادت کرتیں اور خوف خدا سے گریہ کرتیں تھی۔ آپؒ نے بچپن میں بنیادی دین تعلیم اپنے والد کی سرپرستی میں حاصل کی اور سات سال کی عمر میں قرآن مجید حفظ کر لیا۔ اِس کے بعد بہت ہی کم عرصے میں عربی اور فارسی کے علوم پر بھی عبور حاصل کر لیا۔ بچپن سے ہی آپؒ کو اللّہ کے نیک اور پرہیزگار بندوں کی صحبت میسر آئی جس کی وجہ سے علمِ دین اور اہلبیت سے آپؒ کو گہرا لگاؤ ہو گیا اور آپؒ پر فکر و تحقیر کے دروازے کھلتے چلے گئے۔ آپؒ نے روحانی سفر یعنی حجِ بیت اللہ، مدینہ، کربلا، بغداد اور مشہد کی زیاراتِ مقدسہ کا شرف بھی حاصل کیا۔ جب آپؒ حج کے لئے روانہ ہوئے تو ساری امانتیں وآپس کیں، سارے قرض ادا کیا اور صرف اتنا مال رکھا جس سے سواری خرید سکیں اور راستے کا خرچ وغیرہ پورا کر سکیں۔ جب احرام کے دو کپڑے پہنے تو بے ساختہ امام حسینؑ ابنِ علیؑ کو یاد کر کے گریہ کرنے لگے جنہیں احرام کھول کر حج کیے بغیر ہی کربلا جانا پڑا تھا۔ آپؒ محمدؐ و آلِ محمدؐ سے والہانہ عقیدت رکھتے تھے یہی وجہ ہے کہ جب حج بیت اللہ کے بعد آپؒ مدینہ گئے تو آپؒ کے آنسو تھمتے ہی نہیں تھے، مدینہ کے بعد آپؒ بغداد و کربلا اور پھر وہاں سے مشہد کی زیارات کرتے ہوئے اور مختلف علماء کرام سے فیض یاب ہوتے ہوئے وآپس وطن پہنچے۔ حضرت لعل شہبازؒ کا زمانہ اولیائے کرام کے زمانے سے مشہور ہے۔ مزہبی رواداری کو فروغ دینے کی وجہ سے تمام مذاہب کے پیروکار آپؒ کا بہت احترام و عزت کرتے تھے۔ بےشمار لوگوں نے آپؒ سے روحانی فیض حاصل کیا لیکن چند مشہور ناموں میں عبداللہ شاہ ابدال، سید علی سرمست، سید صلاح الدین، سکندر بودلو، سید عبد الوہاب، نادر علی شاہ، سید میر کلاں، شاہ گودڑو، پیر نپو، لعل موسیٰ شامل ہیں۔ حضرت شہباز قلندرؒ سُرخ رنگ کا لباس زیبِ تن کرتے تھے جس کی وجہ سے آپؒ کو “لعل” کہا جانے لگا۔ اللّہ کے ازن سے معجزاتی طور پر آپؒ نے ہوا میں پرواز کی تھی جس کی وجہ سے آپؒ کو “شہباز” کہا جانے لگا اور قلندرانہ مزاج و انداز کی وجہ سے آپؒ کو “قلندر” کہا جانے لگا۔ حضرت لعل سخی شہباز قلندرؒ کے وصال کی تاریخ کو لے کر اختلاف پایا جاتا ہے کہیں لکھا ہے 669ھ یا 660ھ، تو کہی 673ھ لکھا ہے۔ آپؒ کا مزار سیہون شریف، سندھ، پاکستان میں ہے۔
تحریر و تحقیق – سائرہ سید اردو انسائیکلوپیڈیا
.
Hazrat Sakhi Lal Shahbaz Qalander – Qalander Pak – Qalandar – Mazar – Shrine – Sehwan Shareef – Sindh – Pakistan – Sufi – Islam – Tareekh – History